ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں اسکوٹر سے گر کر لڑکے کی موت

بھٹکل میں اسکوٹر سے گر کر لڑکے کی موت

Sun, 06 Nov 2022 02:07:14    S.O. News Service

بھٹکل 5/نومبر (ایس او نیوز)اسکوٹر سے گرتے ہی لڑکے کی موت واقع ہوجانے کے بعد شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوئی ہے۔ واردات سنیچر شام کوبھٹکل رنگین کٹہ نیشنل ہائی وے پر پیش آئی۔ لڑکے کی شناخت عبداللہ ابن فیض افریکہ (14) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ لڑکا جس اسکوٹرپر سوار تھا، وہ اسکوٹر سامنے والی ایک بائک سے ہلکے سے ٹکراگئی تھی جس کے نتیجے میں لڑکا نیچے گرپڑا، نیچے گرنے کے بعد  لڑکا اُٹھ گیا تھا، لیکن کچھ ہی دیربعد وہ واپس نیچے گرا مقامی لوگوں نے اسے فوری طور پر قریبی پرائیویٹ اسپتال پہنچایا، مگر اُس وقت تک روح قبض ہوچکی تھی۔ اناللہ و اناالیہ راجعون۔

مقامی سماجی کارکن اِرشاد صدیقہ جو جائے وقوع پر موجود تھا، نے بھٹکل پولس تھانہ میں شکایت درج کرتے ہوئے بتایا کہ لڑکا اپنے چچا کے ساتھ اسکوٹرکی پچھلی سیٹ پر سوار تھا، جس کے دوران ان کی اسکوٹر اگلی والی ایک بائک کو ہلکے سے چھوگئی تھی اور نتیجتاً اسکوٹر کی پچھلی سیٹ پر سوار لڑکا نیچے گرپڑا۔ اور کچھ ہی دیربعد لڑکے کی موت واقع ہوگئی۔ شبہ ہے کہ دل کا دورہ پڑنے سے لڑکے کی موت واقع ہوئی ہے۔

لڑکے کو جب قریبی پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا تو لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ ہر کوئی معصوم لڑکے کی  موت پر افسوس کا اظہار کررہا تھا، عینی شاہدین نے بتایا کہ لڑکے کے جسم پر بظاہر کوئی چوٹ نظر نہیں آئی۔ شمس اسکول میں نویں جماعت میں زیر تعلیم عبداللہ بندرروڈ ففتھ کراس پراپنے نانا کے ساتھ رہتا تھا۔ 

پرائیویٹ اسپتال سے لڑکے کو بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری کاروائیوں کے بعد نعش کو گھر والوں کے حوالے کیا گیا جس کے بعد میت کو موسیٰ نگردادا کے ہاں لے جایا گیا ہے۔

لڑکے کی اچانک موت پر نہ صرف گھروالوں بلکہ شہر میں بھی ماتم چھاگیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ لڑکے کے والد سعودی عربیہ میں برسرروزگار ہیں، بیٹے کی اچانک موت کی خبر پر وہ بھٹکل کے لئے نکل چکے ہیں، اتوار صبح تک بھٹکل پہنچنے کی توقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار دوپہر بعد نماز ظہرنوائط کالونی تنظیم جمعہ مسجد میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

اللہ گھروالوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اٰمین


Share: